کراچی(این این آئی) میرمرتضی بھٹو کی21 ویں برسی کے موقع پر ا ن کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے انسٹا گرام پر اپنے والد کی تصویر کے ہمراہ پیغام شیئر کیا ہے،جس میں کہاہے کہ دکھ یہ ہے کہ انصاف نہیں ملا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے صاحبزادے میر مرتضی بھٹو کی21 ویں برسی بدھ کو منائی گئی۔ وہ 42سال کی عمر میں20 ستمبر1996 کو کراچی میں اپنے گھر کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے ۔برسی کے سلسلہ میں مرحوم کی بیوہ غنوی بھٹواور پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کے زیر اہتمام لاڑکانہ سمیت
ملک بھر میں تعزیتی تقریبات انعقاد کیاگیااور مرحوم کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیاگیا۔سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پیغام میں فاطمہ بھٹونے کہاکہ 21 سال قبل میرے والد کو ہمارے گھر کے سامنے قتل کیا گیا۔ ہمیں ان کی عدم موجودگی کا صدمہ اٹھائے 21 سال گزر گئے اور ساتھ ہی یہ ہمیں یہ دکھ بھی سہنا پڑا کہ انہیں اور ان کے ساتھ قتل ہونے والے ساتھیوں کو انصاف نہیں ملا۔ لیکن ان تمام عرصے میں میں جب بھی ان کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے تصور میں ان کا ہنستامسکراتا چہرہ ہی آتا ہے۔