لندن /لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے‘ پنجاب حکومت نے اربوں روپے سے صاف پانی کا پروگرام بنایا ہے‘ پروگرام پر عمل درآمد کیلئے یکساں حکمت عملی اپنا کر فوری عمل درآمد کیا جائے‘ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے
ذریعے بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے‘ متعلقہ اداروں اور محکموں کو نتائج دینا ہوں گے تساہل سے کام نہیں چلے گا۔ منگل کو شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے امور کا جائزہ لیا۔ شہباز شریف نے پروگرام کو پیشہ وارانہ انداز اور یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے صاف پانی کا پروگرام بنایا ہے پروگرام پر عمل درآمد کے لئے سائوتھ اور نارتھ پنجاب صاف پانی کمپنیاں کام کررہی ہیں۔ دونوں کمپنیوں کو آپس میں قریبی کوآردینیشن کے تحت کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کمپنیوں کو تجربات اور مہارت کو ایک دوسرے سے شیئر کرنا چاہئے پروگرام پر عمل درآمد کے لئے یکساں حکمت عملی اپنا کر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ متعلقہ محکمے کی عمل درآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔
پروگرام میں ایک لمحے کی بھی تاخیر کی گنجائش موجود نہیں۔ متعلقہ محکموں اور اداروں کے مابین موثر کوآرڈینیشن میں کوتاہی برداشت نہیں ہے۔ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ذریعے بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو نتائج دینا ہوں گے۔
تساہل سے کام نہیں چلے گا۔