لاہور (این این آئی)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن ہی نہیں بلکہ جمہوریت بھی جیتی اور وہ جانتے ہیں کہ نواز شریف کو کیوں نکالا گیا؟ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ نواز شریف جلد پاکستان آجائیں گے تاہم انہیں کیوں نکالا وہ اس حوالے سے جانتے ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موروثی سیاست کے خلاف ہوں لیکن سیاستدانوں کے بچے اگر مار کھائیں تو آگے آنا ان کا حق ہے، مریم نواز محنت کر رہی ہیں مگر انہیں محتاط گفتگو کرنی چاہیے۔وزیر ریلوے نے کہاکہ نواز شریف کی قیادت
میں سب متحد ہیں اور بیگم کلثوم نواز کو وزیراعظم بنانے کی پارٹی میں کوئی بات نہیں ہوئی اور پارٹی میں دھڑے بندی کی باتیں بھی درست نہیں۔ایک سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چوہدری نثار ہمارے سینئر ہیں ان کی اپنی رائے ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ این اے 120 کے نتائج سے پی ٹی آئی ، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کو سبق سیکھنا چاہیے۔وزیر ریلوے نے کہاکہ بھارت بڑا ملک ہے اسے سمجھداری سے خطے میں امن قائم کرنا ہوگابھارتی فوج افغانستان اور بلوچستان میں نفرتیں بڑھا رہی ہے اور بھارتی فوج کی سازشوں کا بھرپور جواب دینا ضروری ہوتا ہے۔