لاہور( این این آئی)جماعت اسلامی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس میں ان کی گاڑی بری طرح متاثر ہوئی ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر وسیم اختر اپنے آبائی گھر بہاولپور سے لاہور آرہے تھے کہ ان کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر انہیں فوری طور پر قریب واقع جناح ہسپتال منتقل کر دیا ۔حادثے میں گاڑی بری طرح متاثر ہوئی ۔ ڈاکٹروں کے مطابق وسیم اختر کو سر اور چہرے پر شدید چوٹیںآئی ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے او ران کا سی ٹی سکین بھی کیا جائے گا ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور دیگر رہنما فوری طور پر ان کی عیادت کیلئے جناح ہسپتال پہنچ گئے ۔