اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے ایک نجی ٹی وی چینل پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کے بعض اہم امور پر معاملات طے پا گئے ہیں۔ چوہدری غلام حسین نے گفتگو کے دوران کہا کہ لندن میں اپنی بھابی کلثوم نواز کی عیادت کے لیے جانے والے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی میاں محمد نواز شریف کو آئندہ کے لیے اہم سیاسی امور پر اعتماد میں لے لیا ہے، ان طے پا جانے والے معاملات کے مطابق
آئندہ دور حکومت کے لیے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کیا جائے گا، دوسری طرف شہباز شریف وزیراعظم کے عہدے کے لیے امیدوار ہوں گے، چوہدری غلام حسین نے کہا کہ پہلے نواز شریف کی اہلیہ کلثو م نواز کی خرابی صحت کو زیادہ سنجیدہ نہیں لیا گیا تھا مگر اب یہ دیکھا جا رہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ کی حالت کافی زیادہ خراب ہے اس لیے ان کو مستقبل میں سیاسی معاملات سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔