بیجنگ (آ ئی این پی ) چین اورپاکستان کی فضائیہ کی مشترکہ تربیتی مشقیں جاری ، پاکستان کے جے ایف 17 لڑاکا اور پیشگی اطلاع دینے والے طیارے بھی ان مشقوں میں شرکت کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے جے ایف 17- لڑاکا اور پیشگی اطلاع دینے والے طیارے بھیجے ہیں جو پاکستان چین کی فضائیہ کی مشترکہ تربیتی مشق
شاہین VI میں حصہ لیں گے ۔پیپلزلبریشن آرمی ائیر فورس کے ترجمان شن جنک کے مطابق چین کے جے الیون جنگی طیارے، جے ایچ سیون بمبار طیارے ، کے جے AWACS 200- طیارے اور بری فوج مشقوں میں حصہ لے رہی ہے ۔چینی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی معیار کی فضائی قوت بننے کیلیے غیر ملکی افواج کی مہارت سے فائدہ اٹھانا نا گزیر ہے،۔ ان مشقوں کیلیے پاکستان نے جے ایف 17اور قبل از وقت خبردار کرنے والے طیارے بھجوائے تھے۔ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی فضائیہ بنانے کیلیے کام کر رہے ہیں، بین الاقوامی سطح پر تبادلوں سے آپریشنل تیاریوں میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہین نامی مشترکہ تربیتی پروگرام مارچ 2011 میں چینی اور پاکستانی فضائی افواج کی طرف سے شروع کیا گیا تھا۔چین اورپاکستان کی فضائیہ کی مشترکہ تربیتی مشقیں رواں ماہ کی 27 تاریخ تک جاری رہیں گی ۔پاکستان اور چین کی فضائیہ نے مشترکہ تربیتی مشق شاہین مارچ 2011 میں شروع کی تھی،دریں اثناء بھارت نے چین اور پاکستان کی مشترکہ فضائی مشقوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت چین اور پاکستان کی ہر طرح کی فوجی سرگرمیوں پر بھرپور نظر رکھے ہوئے ہے ۔