اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان جو کہ دبنگ رویے رکھتے ہیں اور آئے روز امریکہ کی دھمکیوں اور عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کرنے میں مصروف رہتے ہیں، ان کے لڑکپن کا ایک ایسا واقعہ سامنے آ گیا ہے جسے سننے کے بعد آپ کو ان کے جارحانہ روئیے پر ذرہ بھر حیرت نہ ہو گی۔ دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورین سکیورٹی ماہر نم سنگ ووک نے یہ واقعہ سیؤل میں جاری ایک کانفرنس میں سنایا۔ واضح رہے کہ انسٹی ٹیوٹ فار سکیورٹی سٹریٹجی نامی تھنک ٹینک کے سابق سربراہ نم سنگ ووک
نے کانفرنس میں شمالی کوریا کے رہنما کے بارے بتایا کہ ’’کم جونگ ان نے کم عمری میں ہی سگریٹ نوشی شروع کر دی تھی، ان کی سکول کے دنوں کی ایک محبوبہ نے انہیں سگریٹ چھوڑ دینے کی نصیحت کی جس پر وہ غصے میں آ گئے اور اس سے انتہائی نازیبا الفاظ میں بات کی، جسے یہاں بیان کرنا ممکن نہیں۔ اس وقت ان کے والد شمالی کوریا کے حکمران تھے۔ کم جونگ ان کے اپنی محبوبہ کے ساتھ اس رویے کے بعد میں انہی دنوں سمجھ گیا تھا کہ یہ شخص شمالی کوریا کا حکمران بن گیا تو حالات مزید پیچیدہ اور تلخ ہو جائیں گے جیسا کہ آج کل ہو چکے ہیں۔