اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی بینک پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر مذاکرات کروا رہا ہے، ایک نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین آبی تنازعات پرمذاکرات 15،14ستمبر 2017ء کو واشنگٹن میں ہوں گے، یہ مذاکرات دونوں ممالک کے سیکرٹری سطح پر ہوں گے۔ پاکستان نے بھارت کے کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں پراعتراض اٹھا رکھا ہے دوسری طرف بھارت کی جانب سے
پاکستانی دریاؤں پرمتنازع پن بجلی منصوبوں پر بات کی جائیگی۔ پاکستان کی طرف سے وفدکی نمائندگی سیکرٹری آبی وسائل عارف احمد خان کریں گے، ان کے علاوہ اس وفد میں انڈس واٹرکمشنرآصف بیگ، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف بھی شریک ہوں گے۔ یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ رواں برس کے شروع میں پاکستان اور بھارت کے انڈس واٹر کمیشن کے مابین مذاکراتی عمل ہوا تھا لیکن اس کے کوئی خاطر خواہ نتائج حاصل نہ ہوئے۔