ممبئی(آئی این پی) پاناما کا ہنگامہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا، بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن سمیت بھارت کی 33 بڑی شخصیات کیخلاف پاناما لیکس میں تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔پاناما لیکس میں بھارت کے سپر سٹار امیتابھ بچن پر بھی آف شور کمپنی اور اکاؤنٹس بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے جواب میں امیتابھ بچن نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے
کہا تھا کہ ان پر لگنے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور انہیں جس آف شور کمپنی کا ڈائریکٹر ظاہر کیا گیا ہے، ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔امیتابھ کاکہنا تھا کہ انہوں نے تمام ٹیکس ادا کیے ہیں اور اگر ان کے نام پر پیسہ باہر بھیجا بھی گیا ہے تو وہ غیر قانونی طریقے سے نہیں بلکہ قانونی طریقے سے بھیجا گیا ہے۔ بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر کے مطابق تحقیقات میں کوئی کمی نہیں رکھی جائے گی۔