کراچی(این این آئی) مسلم لیگ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ نواز شریف فوج نہیں عدالتوں کے خلاف باتیں کررہے ہیں ۔سابق وزیراعظم لوگوں کو عدالتی فیصلہ نہ ماننے کی تلقین کررہے ہیں ۔مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو ملانے کی کوشش کرر ہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سابق صوبائی حمیدہ کھوڑو کے انتقال پر ان کے صاحبزادے اور نسرین جلیل سے ان کے شوہر کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
حمید ہ کھوڑو کے صاحبزادے مسعود کھوڑو سے گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حمیدہ کھوڑو سے ان کے پرانے سیاسی روابط تھے ۔مسعود کھوڑو کو بھی مسلم لیگ میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں ۔مسعود کھوڑو نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ کے تمام گروپوں کو متحدہ کرنا چاہتے ہیں ۔چوہدری شجاعت حسین کی کوششوں سے ملک کو بحران سے نجات مل سکتی ہے ۔نسرین جلیل سے ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے ایم اے جلیل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایم اے جلیل نے اپنی زندگی میں بھرپور سیاسی کردار ادا کیا ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نواز شریف فوج نہیں عدالتوں کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔ ، نوازشریف عدالتوں کے خلاف جارہے ہیں ،سابق وزیراعظم لوگوں کوعدالتی فیصلہ نہ ماننے کی تلقین کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعہ تعلیم کا شعبہ صوبوں کے حوالے کرکے تعلیم کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے ۔آئین میں اگر ترمیم کرنی ہے تو پہلے شعبہ تعلیم کے حوالے سے ترمیم کرکے اس کو دوبارہ وفاق کے حوالے کیا جائے ۔آرٹیکل 62-63میں ترمیم بعد کی بات ہے ۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو ملانے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔
مسلم لیگی گروپوں کو متحد کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جانی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک میں نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہیے ۔یہ ڈائیلاگ 2018سے پہلے اور بعد میں بھی ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جنرل ضیاالحق اور ان کے صاحبزادے کی بہت عزت کرتے ہیں ۔