اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے، سابق وزیراعظم کی گاڑی کے آگے اور پیچھے جیمرز والی گاڑیاں چل رہی ہیں جبکہ پولیس کمانڈرز نے نواز شریف کی گاڑیوں کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے، جہاں سے ریلی گزر رہی ہے، اس کے دونوں اطراف کی
شاہراہیں بند کر دی جاتی ہیں، اسلام آباد کی حدود میں وفاقی پولیس سیکیورٹی کی ذمہ دار تھی جبکہ راولپنڈی داخل ہوتے ہی سیکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب پولیس نے سنبھال لی‘ریلی کے ساتھ بم پروف کنٹینر بھی شریک سفر رہا جو ہر طرح کی سہولیات سے آراستہ ہے۔ ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پنجاب ہائوس سے لاہور کیلئے روانہ ہوئے تو سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، ڈی چوک کے مقام پر نواز شریف کا پہلا استقبال کیا گیا، جناح ایونیو کو دونوں اطراف سے ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا، ٹریفک کیلئے متبادل روٹس لگائے گئے تھے،2500اہلکاروں نے ڈیوٹیاں دیں، ٹریفک پولیس کے 500سے زائد اہلکار بھی تعینات تھے۔ نواز شریف کو باکس سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، نواز شریف کی گاڑیوں کے آگے اور پیچھے جیمرز والی گاڑیاں چل رہی ہیں جو کسی بھی ڈیوائس سمیت دھماکہ خیز مواد کو جام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،ریلی جہاں جہاں سے گزر رہی ہے شرکاء کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے اور ریلی کے دونوں اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ریلی کے راولپنڈی کی حدود میں داخل ہوتے ہی سیکیورٹی کے انتظامات پنجاب پولیس نے سنبھال لئے ہیں ، ریلی کے ساتھ 30سے زائد ایمبولینسز بھی چل رہی ہیں جو کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ریسکیو کا کام دینے کیلئے الرٹ ہیں۔