کابل(این این آئی)افغان پولیس نے صوبہ غزنی میں 27 ایسے بچوں کو بازیاب کرا لیا ہے جنہیں غیر قانونی طور پر پاکستان بھیجنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں،میڈیارپورٹس کے مطابق افغان پولیس نے رواں ماہ کے اوائل میں صوبہ غزنی میں کارروائی کرتے ہوئے دو وینز سے ستائیس بچوں کو بازیاب کیا، جو پاکستان روانہ کیے جا رہے تھے۔ان بچوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھیجا جا رہا تھا،
کابل میں ایک اعلیٰ پولیس اہلکار فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بچوں کو اس طرح ایک صوبے سے دوسرے یا کسی اور ملک روانہ کرنا ایک خطرناک کاروبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اجازت دیتے ہیں یا نہیں، یہ عمل غیرقانونی ہے اور یہ انسانوں کی اسمگلنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ فضل الرحمان نے بتایا کہ اس کاروبار میں ملوث لوگوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی، چاہے اس میں ان کے والدین ہی کیوں نہ ملوث ہوں۔ان دو گاڑیوں کے ڈرائیورز اور ان میں سوار دو بالغ افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔