سلام آباد /نئی دہلی/واشنگٹن /لندن (آئی این پی)پاکستا نی اور غیر ملکی میڈیا نے وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کو بریکنگ نیوز کے طور پر جاری کیا۔جمعہ کو تمام پاکستانی نیوز چینلز کے علاوہ بھارت،امریکہ ،برطانیہ ،فرانس ،روس سمیت دیگرممالک کے میڈیا نے بھی پاناما کیس میں
وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کو بریکنگ نیوز کے طور پر جاری کیا۔سپریم کورٹ کی طرف سے پاناما کیس کا فیصلہ آتے ہی تمام پاکستانی ٹی وی چینلز پر تبصرے اورتجزیے شروع ہوگئے قانونی اور سیاسی ماہرین نے نوازشریف کی نااہلی پر اپنی مختلف رائے کا اظہا رکیا۔بھارتی میڈیا نے بھی پاناما کیس کے فیصلے میں خصوصی دلچسپی کااظہار کیا۔تمام بھارتی نیوز چینلز نے نوازشریف کی نااہلی کی خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر پیش کیا اور اسے بہت بڑی خبر قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات اور دیگر معاملات کے حوالے سے تبصرے اور تجزیے کیے جاتے رہے ۔امریکی ٹی وی سی این این ،فاکس نیوز،سی این بی سی اور برطانوی ٹی وی بی بی سی سمیت دیگر نشریاتی اداروں نے نوازشریف کی نااہلی کی خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر جاری کیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا۔سپریم کورٹ نے وزیر خزانہ اسحق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کو بھی ڈی سیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔ملکی تاریخ کے اس سب سے بڑے کیس کا حتمی فیصلہ عدالت عظمی کے کمرہ نمبر 1 میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سنایا۔