بیجنگ(این این آئی)چین کے ایک شاپنگ مال نے دیر تک خریداری کرنے والی خواتین کے لیے شوہر جمع کروانے کی جگہ متعارف کروائی ہے۔اب خواتین اپنی دیر تک شاپنگ کرنے کے دوران یہاں اپنے شوہروں کو چھوڑ سکتی ہیں اور واپسی پر انہیں حاصل کر سکتی ہے۔چینی میڈیا کے مطابق شنگھائی کے گلوبل ہاربر مال میں شیشیے کے ڈبے نصب کیے گئے ہیں جہاں بیویاں اپنے ایسے ناراض شوہروں کو جمع کروا سکتی ہیں جنہیں طویل خریداری کے دوران ساتھ گھسیٹا جانا پسند نہیں ہے۔
ہر ڈبے کے اندر ایک کرسی ہے، مانیٹر، کمپیوٹر اور گیمز پیڈ ہے جہاں مرد بیٹھ کر 90 کی دہائی کی گیمز کھیل سکتے ہیں۔ابھی تو یہ سہولت مفت ہے تاہم آنے والے مہینوں میں اس کے لیے فیس بھی مقرر کر دی جائے گی۔یہ سہولت استعمال کرنے والے مردوں نے بتایا کہ یہ ایک انوکھا خیال ہے۔یانگ نامی شخض کا کہنا تھا کہ یہ ڈبے بہت اعلیٰ ہیں۔ میں نے ٹیکن 3 کھیلی اور مجھے لگا میں پھر سے سکول کے زمانے میں لوٹ گیا ہوں۔ایک دوسرے شخص وْو نے بھی اس سے اتفاق کیا اور کہا کچھ چیزوں کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔’یہاں ایئر کنڈیشنر نہیں ہے، تازہ ہوا نہیں ہے۔ میں پانچ منٹ اندر بیٹھا اور پسینے سے شرابور ہو گیا۔ ان ڈبوں کا چین کے سوشل میڈیا پر کافی مذاق اڑایا جا رہا ہے اور ان کے بارے میں بحث جاری ہے کہ کیا اس خیال کو مزید بڑے پیمانے پر اپنایا جا نا چاہیے۔ایک صارف نے اس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ان شوہروں کو اپنی بیگمات کو شاپنگ پر لے جانے اور ان کے بل ادا کرنے کا کوئی تو معاوضہ ملنا چاہیے۔لیکن اس سے اختلاف کرنے والی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ اگر میرا شوہر باہر جا کر گیمز کھیلنا چاہتا ہے تو مجھے ساتھ لے جانے کی کیا ضرورت ہے۔