لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف آرمی چیف کو دی جانے والی اپیل کے اخراج کی درخواست دوسرے بنچ کے سامنے سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ۔
گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے بھارتی جاسوس کی سزا پر عملدرآمد کے لئے درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار محمود احمد نقوی نے موقف اختیار کیا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں شرپسند سرگرمیوں اور دہشتگردی کا اعترافی بیان دے چکا ہے۔بھارتی ’’را ‘‘ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو جتنی جلدی ہو سکے پھانسی دی جائے اور استدعا ہے کہ حکومت کو سزا معافی یا سزا میں کمی نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست کو سماعت کے لئے کسی دوسرے بینچ میں بھیج دیا جائے ۔جس پر فاضل جسٹس شاہد کریم نے استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے کسی دوسرے بنچ کے سامنے پیش کرنے کے لئے واپس چیف جسٹس کو بجھوا دی ۔