اسلام آباد(آئی این پی )عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے اسحاق ڈار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کوئی جرم کیا ہے تو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، ہمارے خلاف الزام ہے تو عدالتوں میں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں ، اگر جرم کیا ہے تو ہمیں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیں ،
ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ہم نے ایسا کون سا جرم کیا کردیا ہے ، حکومت سامنے لائے ہم پر کیا الزامات ہیں ۔دریں اثنائچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار شوکت خانم اسپتال کو نشانہ بنا کر نئی پستیوں میں گر گئے ، حالت جنگ میں بھی اسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا ۔ پیر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف برادران اور ان کے رفقاء کو غریب لوگوں کی پرواہ نہیں ، شوکت خانم75فیصد مریضوں کو مفت علاج مہیا کرتا ہے ، شریف برداران علاج معالجے کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار شوکت خانم اسپتال کو نشانہ بنا کر نئی پستیوں میں گرگئے ، حالت جنگ میں بھی اسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا