اسلام آباد(آئی این پی )دوسرے بین الاقوامی فوٹو گرافی مقابلے کا آغاز ہوگیا ہے ، یہ دلچسپ اور بین الاقوامی فوٹو گرافی کے مقابلوں کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے ، اس مقابلے کا انعقاد 20سے31جولائی تک ہوگا جبکہ کیمرہ مینوں کی جانب سے تصاویر کو بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ مقابلہ میں حصہ لینے والے حضرات اپنی بہترین منظر کشی کی تصاویر www.talkingclicks.comپر بھیج سکتے ہیں ۔
چیف ایگزیکٹو ثاقب رضوی نے گزشتہ روز اس مقابلہ کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقابلہ میں بھیجی گئی تصاویر کی جانچ پڑتال 20سے31 جولائی 2017تک کی جائیگی لیکن مقابلہ میں حصہ لینے والے پیشہ ور کیمرہ مین اور دیگر شرکاء نے اپنی تصاویر بھیجنے کا سلسلہ ابھی سے شروع کردیا ہے ۔ یہ مقابلہ ہر خاص وعام کیلئے ہے ۔ مقابلہ کے دو حصے بنائے گئے ہیں ایک پروفیشنل حضرات اور دوسرے عوام کیلئے ۔ واضح رہے کہ اس مقابلہ کا پہلا مقابلہ اپریل 2017میں منعقد کیا گیا تھا ۔ مقابلہ کے نتائج کا اعلان آن لائن ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔ عوام کو ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پہلے رجسٹرڈ ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقرر کردہ ججز ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کریں گے ، عوام www.talkingclicks.com پر اس تمام عمل کو براہ راست دیکھ سکتی ہے ۔ اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد صحت مندانہ سرگرمیوں کا آغاز کرنا ہے ۔ مقابلے مین فاتحین کیلئے 300امریکی ڈالر مختص کئے گئے ہیں ۔ اس طرح کے مقابلوں سے عوامی سطح پر موجود بہترین ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا بھی مقصود ہے ۔ جیتنے اور ہارنے سے قطع نظر مقابلے میں حصہ لینے والے حضرات کی تصاویر اس ویب سائٹ کا حصہ ہمیشہ رہیں گی ۔ یہ ویب سائٹ پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے والی پہلی ویب سائٹ ہے ۔