اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فردوس عاشق اعوان، امتیاز صفدر وڑائچ، ندیم افضل چن اور بابر اعوان کے بعد اعتزاز احسن بھی تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے پر تول رہے ہیں، پنجاب میں پیپلز پارٹی کی بڑی شخصیات ایک ایک کرکے تحریک انصاف میں شامل ہوتی جا رہی ہیں، لگتا ہے یہ سلسلہ رکنے والا نہیں، تاہم اب جو انکشاف کیا جا رہا ہے اس کے بعد پیپلزپارٹی کا بنیادی ڈھانچہ ہی اپنی جگہ سے ہل جائے گا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے اہم رہنما اعتزاز احسن پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے
پر تول رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اعتزاز احسن ایک سے زیادہ مرتبہ پی ٹی آئی کے قائد عمران خان سے اپنی جذباتی وابستگی کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔ پانامہ لیکس کیس کے سپریم کورٹ میں جاتے ہی انھوں نے شیخ رشید کو فون کرکے اس کیس کے لیے اپنی خدمات پیش کی تھیں اور کہا تھا کہ میں اس کیس کو لڑنا چاہتا ہوں لیکن اس کے لیے عمران خان آصف زرداری کو فون کریں۔ اعتزاز احسن کیونکہ تحریک انصاف کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں اس لیے امکان یہی ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں۔