اسلام آباد(آئی این پی )حکومت پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کرنے کے الزام سے بچنے کیلئے بینکوں کے قرض نادہندگان اور بھاری قرضے لینے والوں کے ناموں کی تفصیلات پیش کرنے پر تیار ہوگئی ، ان تفصیلات سے اراکین سینیٹ کی آگاہی کا طریقہ کار چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ، وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے مشاورت کے بعد طے کریں گے ۔
وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام نے اس بارے میں اراکین سینیٹ کو رازداری سے یہ تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ تفصیلات کو افشا کرنے کی قانون اجازت نہیں دیتا۔ یہ درخواست پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق اور قواعد وضوابط کے اجلاس کی کاروائی کے دوران کی گئی ۔ اجلاس قائمہ کمیٹی کے چیئرمین جہانزیب جمال دینی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ قائمہ کمیٹی نے ملک بھر کی پولیس بالخصوص خیبرپختونخوا پولیس کو شہریوں کیساتھ اپنے طرز عمل اور رویوں کو درست کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کو ضلعی پولیس افسران کو تحریری طور پر ہدایات جاری کرنے اور پولیس کی متعلقہ تربیت کی ہدایت کی ہے ۔ مردان پولیس کے سینیٹر شاہی سید کے آبائی گھر پر ریڈ لائسنس دار اسلحہ اٹھانے ، اہل خانہ کو ہراساں کرنے سے متعلق تحریک استحقاق کو خیبرپختونخوا پولیس کی معافی پر نمٹا دیا گیا ۔ قائمہ کمیٹی نے یہ ہدایت کی ہے کہ پولیس کی شہریوں کیساتھ بدسلوکی کوکسی طور پر برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔ خیبرپختونخوا پولیس اور اس حوالے سے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ شہریوں کے گھروں کے تقدس کو دوبارہ پامال کرنے کی کوشش کی گئی تو خیبرپختونخوا پولیس کے خلاف سخت کاروائی کی سفارش کردی جائے گی ۔
اجلاس میں موجود ایڈیشنل ہوم سیکرٹری خیبرپختونخوا اور ڈی آئی جی مردان کو اس بارے میں چیف سیکرٹری اور آئی جی کو کمیٹی کی سفارشات سے آگاہ کرنے کے بارے میں کہا گیا ہے ۔ پولیس کو پارلیمنٹرینز کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کر دی اور اس حوالے سے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کے پولیس کے لئے ہدایت نامہ جاری کرنے کو بھی کہا گیا ہے ۔
چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف تحریک استحقاق پر غور کیا گیا ، متعلقہ وزیر مملکت مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے کی درخواست کی تھی ۔ آئندہ اجلاس میں متعلقہ وزیر کمیٹی اجلاس میں شرکت کر کے این اے آر سی کی 1400 ایکڑ زمین کے حوالے سے قائمہ کمیٹی برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق کی رپورٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیل آگاہ کریں گے۔
سیکرٹری کیڈ نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت کیڈ نے سمری تیار کر کے وزیراعظم پاکستان کو بھیجی تھی جنہوں نے کیبنٹ ڈویژن کو جائزہ لینے کیلئے بھیجی تھی ۔ ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔جس پر چیئرمین کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کو طول دینے کی بجائے جلد سے جلد حل کرایا جائے ۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں میئر اسلام آباد کو طلب کر لیا ۔
سینیٹر میاں عتیق شیخ کے استحقاق کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ انہوں نے جو سوالات وزارت بین الصوبائی رابط سے طلب کیے تھے ان کے درست جواب فراہم نہیں کیے گئے ۔ جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے معذرت کر لی تھی اور کمیٹی نے ان کی معذرت قبول کر لی تھی جس پر کمیٹی نے استحقاق کا معاملہ ختم کر دیا ۔
سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ رپورٹ میں یہ ضرور شامل کیا جائے کہ ان کے سوالات کے درست جوابات متعلقہ وزارت فراہم کرے ۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی رولنگ پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے استحقاق کے معاملے کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری خزانہ و سابق گورنر اسٹیٹ بنک اشرف محمود نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اور وزیرخزانہ ان کیمرہ بریفنگ کیلئے طریقہ کار طے کر لیں تفصیلی معلومات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ان کیمرہ بریفنگ میں بھی معلومات فراہم کی جاسکتی ہیں یا تمام متعلقہ دستاویزات چیئرمین آفس میں پیش کی جائیں اور جس پارلیمنٹرین کو ضرورت ہو وہ وہاں چیک کر سکتا ہے اور چیئرمین سینیٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ریکارڈ کتنے عرصے کیلئے آفس میں رکھنا ہے ۔ صدر این بی پی نے کہا کہ وہ تمام معلومات وزارت خزانہ کے ذریعے دینے کو تیار ہیں۔سینیٹر شاہی سید کی تحریک استحقاق کے معاملے کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔
سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ متعلقہ افراد نے معاف مانگ لی ہے ۔ میں معذرت قبول کرتا ہوں اور تحریک استحقاق کو واپس لیتا ہوں ۔ جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ استحقاق کے معاملے کو ختم کیا جائے اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ پورے ملک کی پولیس اور خاص طورپر خیبر پختونخوا کی پولیس پارلیمنٹرین اور عوام کے ساتھ اپنا رویہ تبدیل کرتے ہوئے حسن سلوک سے پیش آئے ۔
کمیٹی اجلاس میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ان کی تحریک استحقاق کے معاملے کا گزشتہ اجلاسوں میں تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے اور رپورٹ بھی میں نے دیکھ لی ہے کمیٹی اس رپورٹ کو اختیار کر لے جس پر کمیٹی نے رپورٹ اختیار کر لی ۔ کمیٹی نے سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک استحقاق کے معاملے کی بھی رپورٹ کی منظور ی دے دی