لندن (آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ فیصلہ عرش والے کا چلے گا جب کہ انہوں نے بیٹے کو گریجویشن کی ڈگری ملنے پر مبارک باد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فیصلہ عرش والے کا چلے گا،
جب کہ سوشل میڈیا پر مریم نواز کو حامیوں اور کارکنوں کی جانب سے بیٹے جنید صفدر کے لندن سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارک بادیں ملنے کا بھی تانتا بندھا ہوا ہے جس پر مریم نواز نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام والدین کو اپنے بچوں کی کامیابیوں کی خوشیاں دیکھنا نصیب کرے ۔ جے آئی ٹی کی جانب سے طلبی کے معاملے پر بھی مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے ۔ بعض لوگوں نے کہا کہ مریم نواز شریف مستقبل کی وزیر اعظم اور نوجوان نسل کی لیڈر ہیں ۔ اس لئے مخالفین کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ مریم قوم کی بیٹی ہے ۔ مریم نواز ملک کو روشن مستقبل دینے کے لئے کام کرنے والے اپنے والد کا ہاتھ بٹا رہی ہیں ۔ ہر پاکستانی کو ان پر فخر کرنا چاہیے جب کہ ٹوئٹر پر ’’مریم قوم کی بیٹی ‘‘ٹائپ ٹرینڈ بن گیا ہے ،واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی مریم نواز کوقوم کی بیٹی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میں مریم نواز کوپیش نہیں ہونا چاہئے ، نواز شریف اسمبلی توڑ سکتے ہیں یا کسی ڈھیلے ڈھالے آدمی کو وزیر اعظم نامزد کر دیں۔