اسلام آباد(آئی این پی)پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈر کو طلب کرنے پر غور کر رہی ہے ‘ سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان حدیبیہ پیپر ملز کیس کی روشنی میں بطور گواہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ جمعہ کو ذرائع کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم وزیر اعظم کے بچوں کے آخری بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان ریکارڈ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
سینیٹر اسحاق ڈار کو آئندہ چند ر وز میں طلبی کا نوٹس جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان سابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد حسین کے بیان کی روشنی میں لیا جائے گا۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اسحاق ڈار نے شریف خاندان کے خلاف نیب کو بیان حلفی دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان بطور گواہ ریکارڈ کرے گی۔