بورے والا (آئی این پی)تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی وائس چیئر مین مخدوم شاہ قریشی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کے انکشافات نے میرے موقف کی تائید کر کے مجھے قوم کی نظروں میں سرخرو کر دیا ہے میرا موقف تھا کہ ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں ہے اور اس پر ویانا کنونشن لاگو نہیں ہوتا جسے سفارتی استثنیٰ کا حقدار قرار دیا جائے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ سی آئی اے کا ایجنٹ تھا اور پاکستان میں کسی خاص مشن پر تھا،
آصف زرداری ، یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ریمنڈ ڈیوس کو ملک سے باہر منتقل کرنے کے جرم میں برابر شریک او ر قومی مجرم ہیں ۔وہ جمعہ کو بورے والا کے نواحی گاؤں میں اپنے دیرینہ ملازم محمد یوسف کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت کے حکمران سابق صدر آصف زرداری سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ریمنڈ ڈیوس کو ملک سے باہر منتقل کرنے کے جرم میں برابر شریک او ر قومی مجرم ہیں جنہوں نے ایک منصوبہ اور پلان کے تحت مقتولوں کے لواحقین کو 23کروڑ روپے سرکاری خزانے سے ادا کئے تھے اور یہ سب کام ایک بہت بڑی ڈیل کے ذریعہ ہوا جس کے تحت اسے ملک سے باہر منتقل کیا گیا حکمران جب بھی اپنے اقتدارکی خاطر قومی وقار کا سودا کرتے ہیں تو ملک کو نقصان ہوتا ہے شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہے جے آئی ٹی اپنا کام بروقت مکمل کرے گی اور تمام ترحکومتی رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود جے آئی ٹی قوم کو مایوس نہیں کرے گی حقائق قوم کے سامنے ہیں نواز شریف فیملی پانچ عدلیہ کے ججوں کو مطمئن نہیں کر سکی 2ججوں نے کہا کہ وہ صادق اور امین نہیں رہے جبکہ 3ججوں نے مزید مؤقف کی ضرورت پر زور دیا نواز شریف اور ان کے بیٹے منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے اور نہ ہی انہوں نے کوئی نیا انکشاف کیا ہے قطری شہزادہ بھی ان کے موقف کی تائید کے لئے جے آئی ٹی کے سامنے آنے کو تیار نہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران خاندان کا کیس قانونی لحاظ سے انتہائی کمزور ہے انہوں نے ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی کی قید کے سلسلہ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ظلم اور نا انصافی کا از خود نوٹس لیا ہے جمشید دستی کو حق تلفی اور انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ چیئر مین عمران خان اور میں نے جمشید دستی کی رہائی کے لئے آواز بلند کی ہے انہوں نے ملتان ،مظفرگڑھ اور ڈی جی خان کے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں و کارکنان کی طرف سے جمشید دستی کی رہائی کے لئے دھرنے دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔