اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ میں ٹریفک اہلکار کو کچلنے والےرکن بلوچستان اسمبلی مجیدخان اچکزئی کو گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کےمطابق کوئٹہ کے جی پی او چوک پر فرائض انجام دینے والے سب انسپکٹرحاجی عطااللہ کو کچلنے والے ایم پی اے مجیدخان اچکزئی کو
پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکرلیا۔پولیس حکام کےمطابق رکن بلوچستان اسمبلی مجید خان اچکزئی کو تھانہ سول لائن منتقل کردیاگیا۔خیال رہےکہ چند روز قبل سب انسپکٹر حاجی عطااللہ جی پی او چوک پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ انہیں ایم پی اےمجیدخان اچکزئی کی گاڑی نےٹکر ماری تھی جس سے وہ زخمی ہوئےتھے۔پولیس حکام کےمطابق حاجی عطااللہ فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ جان کی بازی ہار گئےتھے۔بلوچستان اسمبلی کےرکن عبد المجید اچکزئی کا تعلق حکمراں جماعت کی اتحادی پارٹی پشتونخوا میپ سےہے۔یاد رہےکہ اس سےقبل پولیس نے پہلے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا مگر مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیاگیاتھا۔واضح رہےکہ عبدالمجید اچکزئی 2013 کے عام انتخابات میں ضلع قلعہ عبداللہ کی سیٹ پی بی-13 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔