اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن مناتے کشمیریوں پر بھارتی فوج ٹوٹ پڑی، بھارت ظلم و جبر کے ذریعے آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا، ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن مناتے کشمیریوں پر بھارتی فوج نے دھاوا بولتے ہوئے پکڑ دھکڑ اور تشدد کی کارروائیاں کی ہیں۔ پاکستان کی فتح کا جشن مناتے کشمیریوں کے ساتھ بھارتی فوج کے بیہمانہ سلوک کے خلاف پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے بھارتی فوج کے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے اسے خلاف انسانیت اور اظہار رائے کی آزادی کے خلاف قرار دیا ہے۔ نفیس ذکریا کاایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی آئی سی سی چیمپنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کا جشن منانے والے کشمیریوں کے خلاف کارروائی آزادی اظہار کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت ظلم وجبر کے ذریعے اپنی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹرز نے بھی جن میں عالمی سطح کے کھلاڑی بھی شامل ہیں پاکستان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور بھارت کو اس کامیابی کو صرف ایک کھیل کے طور پر لینا چاہئے۔