لندن(آئی این پی)اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لند ن حملوں کے ملزمان کی شناخت ظاہر کردی، خرم شہزاد بٹ کو حملوں کا ماسٹر مائنڈ بتایا جارہا ہے ۔برطانوی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ لندن برج حملے میں اسکاٹ لینڈیارڈ 2ملزمان خرم شہزاد بٹ اور راشد ردوان کا نام لے رہی ہے، خرم بٹ لندن میں ہونیوالے دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق شمالی لندن کے علاقے بارکنگ سے ہے۔
برطانوی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ ماسٹر مائنڈ خرم بٹ کی عمر 27 سال بتائی گئی ہے، جو لندن میں ہی پلا بڑھا ہے۔میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے کسی بڑے نیٹ ورک کاحصہ ہونے کی تحقیقات کررہے ہیں۔دوسری جانب لندن برج حملے کے بعد سینٹرل لندن کے تین پلوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بیریئر لگا دیے گئے ہیں، حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں مزید 2گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ادھر لندن میں پولیس نے چھاپوں کے دوران مزید کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا، گزشتہ روز 7خواتین سمیت 12 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کرلی ہے۔لندن حملہ آوروں سے رابطے میں رہنے والوں کے خلاف پولیس نے آج صبح نیو ہیم اور بارکنگ میں مزید دو مقامات پر چھاپے مارے، چھاپوں کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوزیں بھی سنی گئیں۔گزشتہ روز گرفتار کیے گئے افراد میں سے ایک شخص کو رہا کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی ہے تاہم ان کے ممکنہ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے شناخت منظر عام پر نہیں لائی جا رہی، ہفتے کو ہونے والے حملے میں 7افراد ہلاک اور 48زخمی ہوئے تھے۔خرم بٹ کے حوالے سے برطانیہ کے علاوہ کسی اورملک کا نام نہیں لیاگیا لیکن نام کے حوالے سے کئی سوال کھڑے ہوگئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اہم اسلامی ملک کو اس حوالے سے پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑ سکتاہے۔



















































