خدا کی قدرت جس شخص کے ساتھ ہواس کا دنیا میں کوئی بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔جو خدا کی عبادت سچے دل سے کرے تو خدا وند کریم اپنے اس بندے کے لیے وہ کچھ کرتا ہے جس کی توقع عام ذی شعور نہیں کر سکتا۔اس طرح ہجرت سے قبل مکیّ دور میں ایک مرتبہ رسولﷺ نے کنجی بردار کعبہ عثمان بن ابی طلحہ سے کعبہ کی چابی طلب فرمائی۔اس نیت سے کہ جاتے جاتے ذرا کعبہ کی زیارت ہی کرتاچلا جاؤں۔مگر عثمان نے چابی دینے سے صاف انکار کر دیا۔آپﷺ نے فرمایاعنقریب یہ چابی میرے ہاتھ میں ہو گی۔
اور پھر میں جسے چاہوں گا یہ چابی دے دوں گا۔چناچہ خدا کی قدرت کچھ ایسی ہوئی کہ آپﷺ کی زبان مبارک سے نکلی ہوئی بات حرف بہ حرف پوری ہوئی۔فتح مکہ کے موقع پر وہی عثمان لرزتا کانپتا خانہ کعبہ کی چابی لے کر حاضر ہوا۔لیکن حضورﷺنے اس سے بدلہ نہ لیااور وہ چابی عثمان سے لے کر اسے ہی عطا کر دی اور تاریخی جملہ ادا فرمایا’’اے عثمان یہ لو چابی اور یہ قیامت تک تمہارے خاندان میں ہی رہے گی‘‘۔اس پر وہ صدق دل سے مسلمان ہو گیا۔اب بھی یہ چابی اسی عثمان کے خاندان میں ہے۔