حضرت عبداللہ بن ساعدہؓ فرماتے ہیں حضرت سعید بن عاصؓ نے حضرت عثمانؓ کی خدمت میں آ کر عرض کیا اے امیرالمومنین! آپؓ کب تک ہمارے ہاتھوں کو روکے رکھیں گے؟ ہمیں تو یہ باغی کھا گئے کوئی ہم پر تیر چلاتا ہے کوئی ہمیں پتھر مارتا ہے کسی نے تلوار سونتی ہوئی ہے۔ لہٰذا آپ ہمیں (ان سے لڑنے کا) حکم دیں۔ حضرت عثمانؓ نے
فرمایا اللہ کی قسم! میرا تو ان سے لڑنے کا بالکل ارادہ نہیں۔ اگر میں ان سے جنگ کروں تو میں یقیناً ان سے محفوظ ہو جاؤں گا لیکن میں انہیں بھی اور انہیں میرے خلاف جمع کرکے لانے والوں کوبھی اللہ کے حوالے کرتا ہوں۔ کیونکہ ہم سب کو اپنے رب کے پاس جمع ہوناہے۔ تمہیں ان سے جنگ کرنے کاحکم میں کسی صورت میں نہیں دے سکتا۔