نئی دہلی(آئی این پی) بھارت میں وسیم اکرم کا ایک اور شاگرد سپر اسٹار بن گیا، رائزنگ پونے سپر جائنٹ کے جادیو اناڈکٹ نے اپنی کامیابی کا سہرا پاکستان کے سابق فاسٹ بولرکے سرباندھ دیا۔انڈین پریمیئر لیگ کے سیزن میں رائزنگ پونے سپر جائنٹ کے لیے جادیو اناڈکٹ نے غیرمعمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 24 وکٹیں لیں۔
بائولر جادیو اناڈکٹ کا کہنا ہے کہ میں نے وسیم اکرم سے گیند کو سوئنگ کرنے کا آرٹ سیکھا، میں نے ان سے گیندپر مختلف انداز میں گرفت کے طریقے بھی سیکھے جوکہ پہلے میں نہیں جانتا تھا، اگرچہ میں ڈومیسٹک لیول پر طویل فاصلہ طے کرکے اس لیگ میں پہنچا تھا مگر وسیم اکرم نے ہی مجھے بولنگ کا بنیادی سبق سکھایا۔ اس سیزن میں اناڈکٹ کا اکانومی ریٹ بھی7 کے قریب رہا۔ وہ اپنی کامیابی میں فرنچائز کپتان اسٹیون اسمتھ اور سابق قائد مہندرا سنگھ دھونی کے بھی شکرگزار ہیں۔فاسٹ بولرکا کہنا ہے کہ اسمتھ اور دھونی دونوں ہی میری مضبوطی کو اچھی طرح جانتے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ سیٹ کرتے ہیں، دونوں نے مل کر ٹیم کی قیادت کی ہے، ایک اگر بولرز کو ہدایات دے رہا ہوتا تو دوسرے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ سیٹ کراتا، اس طرح مجھے صرف اور صرف اپنی توجہ بولنگ پر ہی مرکوز رکھنے میں مدد ملتی۔