لاہور( این این آئی)وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سیاسی حلقوں میں یہ بات موضوع بحث ہے کہ وہ کس حلقے سے انتخاب لڑیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی اور سنجیدہ حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مریم نواز (ن) لیگ کی طرف سے اہم سیاسی رہنما کے طور پر سامنے آئیں گی اور ان کا انتخابی مہم میں بھی اہم کردار ہوگا ۔
اس کے ساتھ یہ موضوع بھی زیر بحث ہے کہ مریم نواز خود کس حلقے سے انتخاب لڑیں گی اور اس حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور (ن) لیگ کا گڑھ ہے اس لئے انہیں کسی دوسرے شہر سے انتخاب میں حصہ لینا چاہیے اور یہ کامیابی سیاسی طور پر زیادہ سود مند ثابت ہو گی تاہم حتمی فیصلہ (ن) لیگ کی قیادت نے کرنا ہے ۔