راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک-افغان وفد کی چمن میں باب دوستی پر ون اسٹار بارڈر فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی جہاں پاکستان نے اپنی افواج کو سرحد سے ہٹانے کے افغانستان کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی افواج کو سرحد پر ہی تعینات رکھنے کا فیصلہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں ممالک نے پاکستانی علاقوں میں مردم شماری کا عمل مکمل ہونے تک سرحد پر سیزفائر پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان حکام نے پاکستان سے سرحدی علاقوں کلی جہانگیر اور کلی لقمان پر تعینات اپنی افواج کو سرحد سے ہٹانے کا کہا جس پر پاکستانی وفد نے افغان وفد کو بتایا کہ ‘پاکستانی افواج بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی حصے میں تعینات ہیں اور وہ وہیں رہیں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت ڈی آئی جی ایف سی بلوچستان کر رہے تھے جبکہ افغان وفد کی قیادت سابق بریگیڈیئر افغان بارڈر پولیس کر رہے تھے۔دونوں ممالک کی جانب سے سرحدی علاقوں میں مردم شماری مکمل ہونے تک سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا۔