اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ کی سیر کے لئے روانہ ہونے والے سیاحوں کی پرواز کو 30ہزار فٹ کی بلندی پر ایک ایسی خوفناک آفت نے گھیر لیا کہ بیچارے مسافر خون میں نہا گئے اور اکثر کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اس طیارے کو ہوا کے دباؤ میں اچانک تبدیلی کے باعث شدید جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے مسافر جہاز کی دیواروں اور چھت سے ٹکراتے رہے۔ ان میں سے چند ایک کی ریڑھ کی ہڈی بھی ٹوٹ
گئی جبکہ اکثر کو سر میں شدید چوٹیں آئیں۔ یہ خوفناک واقعہ ایروفلوٹ ائیرلائن کی ماسکو سے بنکاک جانے والی پرواز کے ساتھ پیش آیا۔ انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں متعدد مسافروں کو زخمی حالت میں طیارے میں گرے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد تمام زخمیوں کو ہسپتال پہنچادیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کل 19افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا، جن میں سے دو کو ایمرجنسی سرجری کی ضرورت تھی۔