لاہور (این این آئی)پاکستان سپر لیگ کی چمپئن پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے لیے کشمیر اور گلگت بلتستان کو فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کیلئے بولی کے عمل کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جہاں پانچ ریجنز کی ٹیموں میں سے کسی ایک کو ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ بنایا جائیگا۔ان پانچ ریجنز میں فاٹا ٗ
ملتان ٗفیصل آباد، حیدرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی شامل ہیں تاہم جاوید آفریدی نے اس فہرست میں کشمیر کا نام شامل نہ کرنے پر اعتراض کردیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کی فہرست میں ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر ریجنز کو شامل کر کے کشمیر اور گلگت بلتستان کو نظر انداز کیے جانے پر انہیں شدید اعتراض ہے۔اس موقع پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ فاٹا کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ کشمیر یا گلگت بلتستان کی ٹیم کو خریدنے کیلئے سب سے بڑی آفر یا بولی دینے کیلئے تیار ہیں اور پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی اس تجویز پر غور کرے۔