اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جوڈیشل اکیڈمی میں آئی ٹی سسٹم کی تقریب کے موقع پرسالوں سے عدالتوں میں پیشیاں بھگتنے والے سائل کی حالت زار کی عکاسی , ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس کی اداکاری پر حاضرین اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ دنگ رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل اکیڈمی میں آئی ٹی سسٹم کی تقریب کے موقع پر حاضرین اس وقت حیران رہ گئے جب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کے خطاب کے دوران ایک بوڑھا سائل جس کی کمر اور سر جھکا ہوا تھا سٹیج پر آکھڑا ہوا جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا یہ ایک سائل ہے جو سالہا سال سے عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے اور اس کی حالت زار قابل رحم ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ میری اور تمام ججز، وکلا کی روز کی تمام کاوش کا مقصد اس بابے کی حالت زار کو تبدیل کرنا اور اسے انصاف فراہم کرنا ہے اور اگر ہم اس بابے کی زندگی میں تبدیلی نہیں لا سکتے تو ہم صرف وقت ضائع کر رہے ہیں۔آخر میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے جب حاضرین محفل کو یہ بتایا کہ یہ بابا کوئی اور نہیں بلکہ بابے کی اداکاری کرتے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس ہیں تو حاضرین ان کی کمال اداکاری پر حیران رہ گئے جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بھی ان کی کاوش اور اداکاری کو سراہا۔ اس موقع پر جب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ لگتا ہے کہ جوڈیشل اکیڈمی میں آئی ٹی کے ساتھ اداکاری کیلئے بھی ایک فیکلٹی اوپن کرنی پڑے گی تو تقریب کشت زعفران بن گئی اور حاضرین کے ساتھ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس بھی کھلکھلا کر ہنس پڑے۔