اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی مغربی آسٹریلیا میں سائنسدانوں نے ڈائنا سور کے پیر کے نشانات دریافت کیے ہیں جو کہ دنیا میں سب سے بڑے قرار دیئے جارہے ہیں جن کی لمبائی لگ بھگ 5 فٹ نو انچ ہے۔اس سے پہلے اس طرح کے سب سے بڑے نشانات
گزشتہ سال جولائی میں بولیویا میں ملے تھے جن کی لمبائی 3 فٹ 9 انچ تھی۔کوئنز لینڈ یونیورسٹی کے محققین نے اب سارپوڈ نامی ڈائنا سور کے نئے نقش پا کو دریافت کیا اور ان کا کہنا ہے کہ یہ عظیم الجثہ نشانات مسحور کردینے والے ہیں اور ان کی لمبائی کا مقابلہ کوئی اور نہیں کرسکتا۔یہ نشان مغربی آسٹریلیا میں Dampier Peninsula کے علاقے والماڈینی میں چونے کے پتھروں کی چٹانوں پر دریافت ہوئے۔محققین کے خیال میں یہ جس ڈائنا سور کے پیر کے نشانات ہیں وہ کم از کم 17 فٹ 9 انچ لمبا ہوگا۔Dampier Peninsula میں اب تک اکیس مختلف ڈائنا سور کے پیروں کے نشانات کو دریافت کیا گیا ہے اور محققین کے خیال میں وہاں موجود بیشتر چٹانیں 140 ملین سال پرانی ہیں۔تحقیقی ٹیم کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس علاقے کی حالت اس طرح کے نشانات کے بننے اور انہیں محفوظ رکھنے کے لیے مثالی ہے۔یہ ٹیم گزشتہ پانچ سال سے اس علاقے میں کام کررہی تھی