واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے دعویٰ کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ سے ان کے ‘روابط کی وجہ سے ہی امریکا القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے میں کامیاب ہوا۔واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں حسین حقانی نے 2016 کے امریکی انتخابات سے قبل اور بعد میں ڈونلڈ ٹرمپ کے روس سے تعلقات کا دفاع کیا اور کہا کہ انھوں نے بھی 2008 کے انتخابات میں سابق صدراوباما کی صدارتی مہم کے ارکان کے ساتھ اسی طرح کے
تعلقات استوار کیے تھے۔انھوں نے لکھا، ‘ان روابط کی بناء پر ان کی بحیثیت سفیر ساڑھے 3 سالہ تعیناتی کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون ہوا اور آخرکار امریکا کو پاکستان کی انٹیلی جنس سروس یا فوج پر انحصار کیے بغیر اسامہ بن لادن کے خاتمے میں مدد ملی۔حسین حقانی نے لکھا، ‘اوباما کی صدارتی مہم کے دوران بننے والے دوستوں نے، ‘3 سال بعد ان سے پاکستان میں امریکی اسپیشل آپریشنز اور انٹیلی جنس اہلکاروں کو تعینات کرنے کے حوالے سے مدد مانگی۔