الریاض(این این آئی)سعودی ڈیفنس فورسز نے یمن میں باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کرکے ملک کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل نجران کے علاقے سے داغا گیا تھا۔
محکمہ دفاع کے حکام نے بروقت کارروائی کرکے بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضاء میں تباہ کردیا۔ اس آپریشن میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔عرب اتحادی طیاروں نے نجران میں یمنی باغیوں کے میزائل لانچنگ اڈے پر بمباری کرکے اسے تباہ کردیا۔خیال رہے کہ میزائل حملے سے قبل حوثی باغیوں نے سرحد پار سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے الرویکبہ کالونی پر متعدد گولے داغے تھے۔ یمنی باغیوں کی گولہ باری کے بعد سعودی توپ خانے اور اپاچی ہیلی کاپٹروں سے باغیوں کے ٹھکانوں بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا۔