کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) یہ پاکستان ہے۔ یہ وہ پاکستان ہے جہاں خاک و خون کے قافلوں سے پاکستان کوسنبھال کر لانے والے ہمارے بزرگوں کی اس قدر تحریم کی جاتی ہے کہ ان کے ذاتی استعمال میں رہنے والی چیزوں کو کبھی مکمل تباہ کر دیا جاتا ہے تو کبھی اس قدر فرسودہ ہونے دیا جاتا ہے کہ پھر وہ قابل مرمت ہی نہ رہیں۔
اب تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیوں کے خستہ حال ہو جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ خیر شرم ابھی کسی قدر باقی ہے تو اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان کے ونٹج اینڈ کلاسک کار کلب نے ان گاڑیوں کی مرمت کروانے کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال 2 گاڑیاں اس وقت مرمتی کام کے مراحل میں ہیں۔ دونوں گاڑیوں کی مرمت کا کام کافی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ جلد ان کی مرمت مکمل کرکے انہیں کسی میوزم کا حصہ بنا دیاجائے گا۔ ان گاڑیوں کی مرمت پر کل ڈیڑھ کروڑ کا خرچ آئے گا۔