اسلام آباد (این این آئی)وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے سینٹ کوبتایا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے بیرون ملک ملازمت کیلئے این او سی کے اجراء یا کلیئرنس سے متعلق وزارت دفاع کو باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی ٗ اگر کوئی ایسی درخواست آئی تو قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا بدھ کو سینٹ اجلاس کے دوران معاملے پر بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران کی دوبارہ ملازمت سے متعلق وزارت دفاع کے رولز موجود ہیں اور اندرون ملک ملازمت کے لئے اس سلسلے میں وزارت دفاع سے این او سی کی ضرورت ہوتی ہے تاہم بیرون ملک ملازمت کا ان رولز میں ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف سعودی حکومت کی دعوت پر عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے تھے جہاں سے وہ واپس آگئے ہیں۔
عمرہ کی ادائیگی کے حوالے سے انہوں نے مطلع کیا تھا ٗجنرل (ر) راحیل شریف نے واپس آکر بھی جی ایچ کیو یا وزارت دفاع کو کسی قسم کی پیشکش کے حوالے سے مطلع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ این او سی کے لئے اگر کسی قسم کی درخواست موصول ہوئی تو ایوان کو آگاہ کیا جائیگا۔ چیئرمین سینٹ کے استفسار پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف کی طرف سے بیرون ملک ملازمت کے لئے این او سی سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اس لئے اس معاملے پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔