برسبین (آئی این پی)پاکستانی فاسٹ بولر کی کارکردگی پر سابق کینگرو اسپیڈ اسٹار نے تبصرہ کرتے ہوئے ان کی خامیوں کی نشاندہی کردی ہے۔ان کاکہناہے کہ لمباقدنہ ہونے کی وجہ سے محمدعامرکوزیادہ تیزبولنگ کرنی چاہیے تھی جسے انہیں کامیابی ملتی۔
میک گرا کا خیال ہے کہ محمد عامر کی خامی یہ ہے کہ وہ روایتی اندازمیں سوئنگ بولنگ کرانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن انہیں وکٹوں کے اعتبار سے تیزبولنگ کرانے پر توجہ دیناچاہیے تھی۔واضح رہے کہ محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز میں 61.6 کی مہنگی ایوریج سے صرف 5 وکٹیں لیں۔ اس کے باوجود آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلن میک گرا نے اپنی سیریز رینکنگ میں انہیں 10 میں سے 6.5 نمبرز دیئے ہیں۔وہ عامر کے بارے میں کہتے ہیں کہ یہ ایک مشکل دورہ تھا، مجھے عامر سے تباہ کن پرفارمنس کی توقع تھی، وہ ایک کوالٹی بولر ہے مگر اس کو تیز گیند کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ اس کا قد لمبا نہیں ہے۔برسبین میں عامر کی بولنگ بس ٹھیک تھی جس میں انہوں نے پہلی اننگز میں چار وکٹیں لیں، میلبورن میں بھی ان کی بولنگ اچھی تھی لیکن وہ بدقسمت ثابت ہوئے۔ سڈنی ٹیسٹ سے قبل وہ انجریز کی لپیٹ میں آچکے تھے، مجموعی طور پر یہ ٹور ان کے لئے مایوس کن رہا، انہیں پاکستان کی یہاں پر کامیابی کے لئے کچھ زیادہ تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت تھی۔