اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کی جانب سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اپنے سیکیورٹی وفد کوپاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جورواں ماہ کیربین ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے اٹھائے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا منیجر رضا راشد کے مطابق پی سی بی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو پاکستان لانے اور سیکیورٹی پلان کے حوالے سے اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفد میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے آفیشلاورسیکیورٹی حکام شامل ہونگے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹاسک فورس فار پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک بھی وفد کے ساتھ 27جنوری کو پاکستان آئیں گے جنہیں لاہور میں مجوزہ طور پر منعقد کئے جانیوالے دو ٹی 20میچوں کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو مارچ میں دو ٹی 20میچ کھیلنے کیلئے مدعو کیا ہے ۔