اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے بھارت میں ہونیوالے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی بلائنڈ ٹیم کو این او سی جار ی کر دیا۔ بلائنڈ ورلڈ کپ 31جنوری سے بھارت میں شروع ہو گا جس میں میزبان سمیت پاکستان ، انگلینڈ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ،جنوبی افریقہ ، سری لنکا ، بنگلہ دیش اور کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے 31 جنوری سے بھارت میں شروع ہونے والے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی بلائنڈ ٹیم کو این او سی جاری کر دیا ہے۔
بلائنڈ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 29 جنوری کو ہو گی۔ پاکستان ورلڈ کپ کا پہلا میچ 31 جنوری کو انگلینڈ کیخلاف کھیلے گا۔ چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا کہ گرین شرٹس روایتی حریف بھارت کیخلاف 5 فروری کو مدمقابل ہوں گے۔ ویزوں کیلئے کھلاڑیوں کی آن لائن درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں، امید ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن جلد ویزے جاری کر دے گا۔بلائنڈ ورلڈ کپ میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔