اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان نے بغیر ویزوں کے پاکستان میں غیر ملکیوں مسافروں کو لانے والی ایئرلائنز پر سات کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے،ہفتہ کو پنجاب ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ جب یورپین سمیت دیگر ممالک سے پاکستانیوں کو دہشتگردی کا بے بنیاد الزام لگا کر پاکستان ڈی پورٹ کردیا جاتا تھا جس پر انہوں نے سخت موقف اختیار کیا اور اب یہ سلسلہ ختم ہوگیا ہے،جس کو بھی ڈی پورٹ کیا جائے گا اس سے متعلق تمام تفصیلات قبل از وقت بھجوانے کا پابند بنادیا گیا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ماضی میں غیر ملکیوں کو بغیر ویزوں کے پی آئی اے سمیت دیگر غیر ملکی ایئرلائنز پاکستان لے آتی تھیں جس پر کوئی ایکشن نہیں ہوتا تھا ،وزارت داخلہ نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اور غیر ملکیوں کو پاکستان لانے پر ایئرلائنز کے خلاف سات کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ماضی میں کسی حکومت نے غیر قانونی طریقے سے مسافروں کو پاکستان لانے پر کسی ایئرلائن پر جرمانہ عائد نہیں کیا تھا۔ایک اور سوال پر وزیرداخلہ نے بتایا کہ پہلی دفعہ کریمنلز کا نیشنل ڈیٹا بنک بنایا جارہا ہے اور اس معاملے میں کافی پیشرفت ہوچکی ہے۔