اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں ، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا ، وزیراعظم کے بیرون ملک دورے سے پی آئی اے کو مالی خسارہ نہیں ہو گا بلکہ وہ اخراجات دفتر خارجہ ادا کرے گا ۔پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں ، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچا جا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد تمام اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کرنا پڑے ، وزیراعظم نوازشریف کے بیرون ملک دورے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر نجکاری نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے سے پی آئی اے کو مالی خسارہ نہیں ہو گا ، دفتر خارجہ پی آئی اے کو اخراجات ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ اعظم سہگل بیوروکریسی سے تنگ آکر عہدہ چھوڑ گئے ،اس سے پہلے ناصر جعفر نے بھی اپنے دور میں پی آئی اے کو اچھے طریقے سے چلایا ۔( م ن)