لاہور(این این آئی )مرغیوں کے پر اور آنتیں ابال کر اشیائے خوردونوش بنانے والوں کو بیچنے والا یونٹ سیل‘ ملزمان گرفتار، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا اور ناقص اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزیدتیز کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی ہدایت پر ٹولنٹن گوشت مارکیٹ میں سپیشل ریڈکیا گیا۔ مردہ اور بیمار مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والی 9 دکانوں کو سیل کرتے ہوئے 6ہزار کلوگرام گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔
مرغیوں کی باقیات‘ پراور انتڑیاں ابال کر مختلف اشیائے خوردونوش بنانے والوں کو بیچنے والا یونٹ بھی سیل کر دیا گیا۔ نشتر ٹاؤن کی ٹیم نے لائف سٹائل پراڈکٹس انٹرنیشنل پرائیوٹ لمیٹڈکو،صفائی کے ناقص انتظامات اور پہلے سے دی گئی ہدایات پرعمل نہ کرنے کی صورت میں 25ہزار روپے جرمانہ کیا۔واہگہ ٹاؤن کی ٹیم نے بیدیاں روڈ لاہورپر اللہ رکھا ہوٹل اور بسم اللہ ہوٹل کو کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر نہ رکھنے، واشنگ ایریا گندہ ہونے اور اشیاء کے لیے کو کاؤنٹر موجود نہ ہونے کی بنا پربالترتیب 3ہزاراور4ہزار روپے جرمانہ کیا۔گلبرگ ٹاؤن کی ٹیم نے مکہ کالونی مین بازارمیں واقع آب حیات واٹر پلانٹ ‘ مدینہ کالونی مین بازار میں فارماجن واٹر‘ عزیز بھٹی ٹاؤن کی ٹیم نے الفلاح ٹاؤن میں جل فریش پیور واٹر پلانٹ کو چیک کیا ، پانی کے نموجات حاصل کیے اور بہتری کے احکامات جاری کیے۔دھرم پورہ علامہ اقبال روڈ پر چاچا جی دال چاول کوبہتری احکامات جاری کیے۔
جوڑے پل پر واقع خان برگر شاپ کو گوشت آئس کریم کے ساتھ رکھنے، کھلی گندی نالیوں ، ہاتھ دھونے کے صابن کی عدم موجودگی، جگہ جگہ مکڑی کے جالوں کی موجودگی اور صفائی کے ناقص حالات کی بنا پر 5ہزار روپے جرمانہ کیا۔شالیمار ٹاؤن کی ٹیم نے ایکوا سینا واٹر پلانٹ سے پانی کے نمونہ جات جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے محافظ ٹاؤن میں واقع ڈیز پیور واٹر پلانٹ کو ورکرز کی ناقص جسمانی حالت،فلنگ روم میں فالتو سامان موجود ہونے، صفائی کے ناقص حالات کی بنا پر 3ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور پانی کے نمونہ جات حاصل کیے۔