لاہور ( این این آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان امیر العظیم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار خان کی پریس کانفرنس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہوں نے وزارت داخلہ کی طرف سے جواب دینے کی بجائے خود سوال کھڑا کردیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر داخلہ نے جس ملاقات کا ذکر کیا ہے وہ ملاقات خود ان کی خواہش اور مرضی سے ہوئی تھی ،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جب چاہتی ہے علامہ محمد احمد لدھیانوی سے رابطہ کرتی ہے ،ان سے ووٹ مانگتی ہے اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نہ صرف ان کے جلسوں میں شریک ہوتے ہیں بلکہ ان کی مجلسوں میں بھی باقاعدگی سے حاضری دیتے ہیں۔
ریکارڈ کو درست رکھنے کیلئے امیر العظیم نے کہا کہ مذکور ہ ملاقات کا مقصد مساجد سے لاؤڈ سپیکر اتارنے ،آئمہ کرام اوردینی جماعتوں کے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں اور قومی ایکشن پلان کی بے اعتدالیوں سے وزیر داخلہ کو آگاہ کرنا تھا جس کیلئے انہوں نے وفد کو ملاقات کی دعوت دی تھی۔اس ملاقات میں وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کو قومی ایکشن پلان کو بدنام کرنے کا موقع نہیں دیں گے اور علماء کرام کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔