برسبین(این این آئی)آسٹریلیا کے شہر برسبین میں پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کے درمیان جھگڑا ہوگیا، تاہم ٹیم انتظامیہ نے دونوں کے درمیان صلح صفائی کرادی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فٹ بال وارم اپ میچ کے دوران تلخ کلامی ہوئی تاہم معاملہ سنگین نوعیت کا نہیں تھا۔ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو پریکٹس میچ سے باہر بھیج دیا گیاتاہم تھوڑی دیر بعد ہی انھیں واپس بلوا لیا گیا۔
ٹیم عہدیدار نے بتایا کہ معاملہ سنگین نوعیت کا نہیں تھا اور کھلاڑیوں کیخلاف کوئی ایکشن لیے جانے کا امکان نہیں بعدازاں ویاب ریاض اور یاسر شاہ کی صلح ہوگئی اور یاسر شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور وہاب کی تصویر شیئر کی تاہم پھر بھی سوشل میڈیا پر تنقید کی جاتی رہی جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کا ویڈیو پیغام جاری کر دیا گیا جس میں کہاگیا کہ جو میڈیا میں دکھایا جا رہا ہے، ایسا کچھ نہیں ہے ٗ ہم اچھے دوست ہیں اور مل کر کھیلیں گے، میچ کے دوران کھلاڑیوں میں نوک جھونگ ہوتی رہتی ہے ۔