دوحہ(این این آئی)قطر نے 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کے لئے تیاریاں تیز کردیں اور اس سلسلے میں وزارت محنت نے متنازع کفیل کا نظام ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی جگہ دوسرا قانون لانے کا اعلان کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر کے وزیرمحنت عیسیٰ بن سعد الجفالی النومی نے اعلان کیا کہ آج سے ملک میں کفیل نظام ختم ہوجائے گا جس کی جگہ نیا نظام نافذ العمل ہوگا جس کے تحت کسی بھی کمپنی کو ملازم سے کنٹریکٹ کرنا ہوگا اور نئے نظام سے ملک میں موجود 21 لاکھ سے زائد غیرملکی ملازمین استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا قانون غیرملکی ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لئے اہم پیش رفت ہے جب کہ کفیل نظام کے متبادل معاہدے کا نظام ملازمین کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ملازمتوں میں نرمی بھی لائے گا۔قطری حکام کے مطابق نئے قانون کے تحت ملازمین باآسانی ایک ملازمت سے دوسری ملازمت تک رسائی حاصل کرسکیں گے اور ملازم کے ساتھ ناانصافی ہونے کی صورت میں اسے دوسری ملازمت حاصل کرنے کا حق حاصل ہوگا۔