لاہور( این این آئی)عام لوگ اتحاد پارٹی کے بانی جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ میرے خیال میں پارلیمنٹ میں صرف جمشید دستی ہی عوام کے نمائندہ ہیں ، میں محسوس کر رہاتھاکہ تحریک انصاف اپنے وژن اورمنشورکوفالونہیں کررہی اور اس وجہ سے اصولی اختلافات تھے، بہت سے دوست جلد ہمارے ساتھ ہوں گے ۔ ایک انٹرویو میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ ہماری پارٹی کی بنیاد ہی قربانی سے ہوئی ہے ۔جب پارٹی بنانے کے اعلان کیا تودوستوں نے قرارداد کی منظوری سے مجھے چیئرمین بنا دیا لیکن میں نے واضح کہا کہ میں اس کی ہر گزسربراہی نہیں کروں گا تاہم جب تک مناسب شخصیت نہیں ملتی میں قائمقام چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماراسلوگن فلاح، فلاح اور صرف فلاح ہے۔ ہم نے عوام کو ایک نئی امنگ دینی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک عوام کے نمائندے پارلیمنٹ میں نہیں پہنچیں گے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج انتخاب لڑنے کے لئے کروڑوں نہیں اربوں روپے چاہیے ہوتے ہیں ، کیا اتنا پیسہ لگا کر اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوام کے نمائندہ ہو سکتے ہیں۔