قصور(این این آئی )صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا حبیب آباد پتوکی میں جعلی اور بغیر لائسنس ادویات بنانے والی فیکٹریوں کیخلاف کریک ڈاؤن ‘10فیکٹریاں سیل جبکہ موقع پر موجود مالکان و ملازمین گرفتار ‘لاکھوں روپے کی ادویات تلف کرنے کا حکم ۔تفصیلات کیمطابق وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے حبیب آباد تحصیل پتوکی میں مختلف مقامات پر قائم جعلی اور بغیر لائسنس ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں کیخلاف زبردست کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10فیکٹریوں کو سیل کیا جبکہ موقع پر موجود مالکان و ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنیوالوں کو نشان عبرت بنا دینگے ۔
انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔پنجاب حکومت عوام کو جعلی ادویات تیار کرنے والے مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عوام کو معیاری اور بہترین طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ معیاری ادویات کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں اور ہم اس مذموم کاروبار کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ بلا خوف و خطر اس مکروہ کاروبار سے منسلک افراد کے خلاف کاروائی کریں اور اس سلسلے میں کوئی دباؤ قبول نہ کریں ۔ انہوں نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ وہ تمام جعلی ادویات جو مارکیٹ میں سپلائی کی جا چکی ہیں انکو فوراً واپس منگوا کر تلف کیا جائے ۔