اسلام آباد (آئی این پی) سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے 15 مارچ کو مردم شماری شروع کرنے کی تحریری یقین دہانی پر مردم شماری میں تاخیر سے متعلق ازخود نوٹس نمٹا دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ امید ہے کہ حکومت اپنی یقین دہانی پر عملدرآمد کرائے گی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مرم شماری میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی جانب سے 15 مارچ کو مردم شماری شروع کرانے کی تحریری یقین دہانی جمع کرائی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے دی گئی یقین دہانی میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری 15 مارچ کو شروع کی جائے گی اور 2 ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ امید ہے حکومت اپنی یقین دہانی پر عملدرآمد کرے گی جبکہ عملدرآمد نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی مرتکب ہو گی اور اس کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔